بدھ, 26 اگست 2015 09:14

ایران چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں کامیاب ہوا: صدر مملکت

ایران چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں کامیاب ہوا: صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے دن صوبہ ہمدان کا دورہ کیا۔ صوبہ ہمدان پہنچنے پر صدر مملکت نے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران اس امید کا اظہار کیا کہ ہمدان کی ترقی و پیشرفت کے لئے اہم اقدامات انجام دیئے جائیں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس کے بعد صوبہ ہمدان کے عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے اپنے اس خطاب میں یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت ایرانی عوام کی ہمہ گیر ترقی و پیشرفت کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پابندیوں کی زنجیر بہت جلد ٹوٹ جائے گی اور حقیقی اور پائیدار ترقی کی جانب ایران کے سفر میں تیزی آئے گی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے یورینیم کی افزودگی کا حق تسلیم کئے جانے اور انسانی حقوق کے منافی قراردادوں کی منسوخی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم کامیابیاں قرار دیا اور کہا کہ یہ عظیم اور قابل فخر کامیابی ایران کی استقامت، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور تمام متعلقہ حکام خصوصا ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے خلاف ظالمانہ قراردادیں منظور کرنے والے ممالک نے خود ہی یورینیم کی افزودگی پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے حق کو تسلیم کر لیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آج مشرق و مغرب میں اسلامی جمہوریہ ایران کو کسی بھی دوسرے دور سے زیادہ پہچانا جاتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے دن صوبہ ہمدان کی ترقی و پیشرفت اور اس صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس میں کہا کہ ہمیں پابندیوں کے بعد کے زمانے میں ایرانی معیشت کو اس قابل بنا دینا چاہئے کہ ایران پر اقتصادی پابندیاں نہ لگائی جا سکیں کیونکہ ایرانی عوام اور حکام اسی بات کے خواہاں ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس اجلاس میں قومی عزت کو ایٹمی مذاکرات کا اصل مقصد قرار دیا اور کہا کہ آج دنیا میں سب لوگ اس بات کو جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے چھے بڑی طاقتوں کا مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ ہمدان کے علما، مسلط کردہ جنگ کے دوران خدمات انجام دینے والوں اور اہم شخصیات سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام کی استقامت، صبر، اتحاد اور میدان عمل میں موجودگی ہی ایران کی ترقی و پیشرفت کا اصل سبب ہے۔ صدر مملکت نے صوبہ ہمدان کے ایک روزہ دورے کے موقع پر اکیس اقتصادی، زرعی اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا جبکہ چودہ منصوبوں پر عمدرآمد کا آغاز کر دیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات صوبہ ہمدان میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر دو ہزار دو سو اکتیس میں نہ صرف ایران کے ایٹمی پروگرام کو تسلیم کیا گیا ہے بلکہ بڑی طاقتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی منگل کی رات اپنا بائیسواں صوبائی دورہ مکمل کر کے ہمدان سے تہران واپس پہنچ گئے۔

Add comment


Security code
Refresh